سیالکوٹ/ ڈسکہ (نامہ نگاران) نہر بی آر بی ویروالہ پل کے قریب نہر کا پانی کم ہو نے پر اس میں کار برآمد ہوئی جس میں میں ایک 35 سالہ شخص اور نامعلوم خاتون کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں جن کے ہاتھ، پائوں بندھے تھے اور منہ پر پٹیاں باندھ کر سر میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ واقعات کے مطابق گذشتہ روز نہر بی آر بی میں پانی کی سطح کم ہونے پر ایک کار نظر آئی جسے دیکھ کر لوگوں نے ریسکیو 1122 اور متعلقہ تھانہ کو اطلاع دی جس کار کو پانی سے باہر نکالا گیا تو اس میں ایک 35 سالہ مرد رفیق ولد نواب سکنہ لدھے والا گوجرانوالہ کی نعش موجود تھی جبکہ 35 سالہ خاتون کی شناخت نہ ہو سکی۔ ستراہ پولیس نے نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیئے سول ہسپتال منتقل کر دیں۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ دونوں کے جسموں پر تشدد کے نشانات بھی موجود تھے۔علاوہ ازیں خاتون کا نام عابدہ بتایا گیا ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں گوجرانوالہ کے نواحی گائوں کے رہائشی اور انہوں نے پسند کی شادی کی تھی۔ کار کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ محمد رفیق کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔