کراچی (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف ملازمین اور افسران کی یونینز کے نمائندوں پر مشتمل جائنٹ ایکشن کمیٹی کا احتجاج منگل کو بھی جاری رہا۔ احتجاجی ملازمین نے ہیڈ آفس میں کسی کو بھی داخل نہیں ہونے دیا۔ ہڑتال کے باعث دفتری امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں، ہڑتال کے باعث پی آئی اے کارپوریشن لمٹیڈ کا پہلا بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس بھی ملتوی کر دیا گیا۔ پی آئی اے کی نجکاری پر حکومتی کمیٹی اور پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے لیکن اعلامیہ میں کمپنی کو لمیٹڈ لکھے جانے پر ملازمین ایک بار پھر بپھر گئے۔ علاوہ ازیں چیئرمین پی آئی اے ناصر جعفر نے کہا ہے کہ صدارتی آرڈیننس سے کوئی قیامت نہیں آ جائے گی۔ صدارتی آرڈیننس کے بعد پی آئی اے لمیٹڈ کمپنی بن چکی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ بورڈ اجلاس روکنے سے پی آئی اے کی حیثیت بدلے گی صدارتی آرڈیننس پر ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کھلے دل سے ہونگے۔