اسلام آباد (وقار عباسی سے) وفاقی دارالحکومت کی پہلی اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے 650 منتخب بلدیاتی نمائندوں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا جس کے ساتھ ہی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے انتخابات کا ایک اہم مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب گذشتہ روز جناح کنونشن سنٹر میں منعقد ہوئی منتخب نمائندوں سے دو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں نے حلف لیا۔ دوسری طرف میٹروپولیٹن کارپوریشن کے منتخب نمائندوں نے انگریزی میں حلف لینے پر اعتراض کردیا۔ منتخب نمائندوں نے اعتراض کیا کہ قومی زبان اُردو ہے اب تو دفتری زبان بھی اُردو قرار دی جا چکی ہے۔ سپریم کورٹ کا حکم بھی موجود ہے تو انگریزی میں کیوں حلف نامہ دیا گیا ہے، اُردو میں لیا جائے۔ اس پر تمام منتخب نمائندوں نے اس معاملے کی تائید کی کہ حلف نامے اُردو میں ہونے چاہئیں تھے۔ حلف لینے والے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نثار بیگ نے منتخب نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا مطالبہ درست ہے تاہم میرے پاس جو حلف نامہ ہے وہ انگریزی میں ہے لہٰذا اس وقت میں اُردو میں حلف نہیں لے سکتا آپ کی سہولت کیلئے میں اسے آسان اور آہستہ پڑھتا ہوں آپ اسی پر حلف لیں۔