ٹوکیو (اے پی پی)جاپان کی سپریم کورٹ نے امریکی فوجی اڈے کو اوکیناوا کے جزیرے میں کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کے حکومتی منصوبے کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سپریم کورٹ نے کہا کہ اوکیناوا کے گورنر تاکیشی اوناگا نے اپنے پیش رو دہیرو کازو کے اکتوبر 2015ء کے حکم نامے کو منسوخ کر کے ایک غیر قانونی کام کیا، جس میں انہوں نے اڈے کی منتقلی کے لیے زمین کے بھرائی کی ہدایت کی تھی۔ عدالت نے یہ حکم نامہ بغیر کسی سماعت کی جاری کیا ہے۔دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ ہم جاپان کی سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہیں۔امریکہ اور جاپان، فیوتینما کی منتقلی کے لیے لیلی شواب ہین کے علاقے اور ملحقہ پانیوں میں متبادل سہولت کی تعمیر کے بارے پرعزم ہیں۔امریکہ نے اس بات کا اعلان کیا کہ وہ اوکیناوا میں چار ہزار ہیکڑ جنگل کا علاقہ جاپان کو واپس کر رہے ہیں جو کہ تربیتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔واضح رہے کہ جاپان اور امریکہ کی حکومتیں حفاظتی اقدام کے پیش نظر فیوتینما کے فضائی اڈے کو ایک پر ہجوم شہر کے وسط سے کسی کم آبادی والے علاقے میں منتقل کرنا چاہتی تھیں۔