لاہور (آن لائن + نامہ نگاران) مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کیخلاف گزشتہ روز مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں اور تنظیموں نے یوم حرمت القدس منایا۔ جس کے تحت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ تسلیم کرنے کے اعلان کیخلاف ملک بھر کی مساجد میں علماء کرام نے بھرپور صدائے احتجاج بلند کیا اور اجتماعات جمعتہ المبارک میں مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں ہیڈ آفس جامعہ عمر بن عبد العزیز فردوس مارکیٹ میں خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر اور دیگر نے یو این او کی طرف سے بیت المقدس میںاسرائیل کا دارالخلافہ نہ بنانے کے حق میں قرارداد کی بھرپور حمایت کی اور مطالبہ کیا کہ امریکہ اس ضمن میں اقوام متحدہ کی قرار داد پر عمل کرتے ہوئے القدس میں اسرائیلی دارالخلافہ تسلیم کرنیکا اعلان واپس لے اور اس بارے دنیا بھر کے مسلمانوں کے اندر پائی جانیوالی شدید بے چینی اور اضطراب کو دور کرے۔ انہوں نے دنیا بھر کے مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ قبلہ اول بیت المقدس کے تقدس کے تحفظ کیلئے متحد ہوجائیں القدس کیخلاف یہود و نصاریٰ کی سازشیں ناکام بنا دیں جو انکا فرضِ منصبی ہے۔مریدکے میں تحریک لبیک یا رسول اللہ کی تحفظ بیت المقدس ریلی نکالی گئی۔ جامع مسجد مہاجرین سے نکلنے والی ریلی جی ٹی روڈ سے ہوتی ہو ئی مجاھد ہوٹل چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔اسرائیل اور ٹرمپ کیخلاف نعرے بازی۔ ٹرمپ کے پتلے کو جوتوں کی بارش کے بعد جلا دیا گیا۔ پاکپتن میں پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ پنجاب کے مرکزی سینئر نائب صدر میاں مظہر فرید وٹو نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینرز اُٹھا رکھے تھے جن پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اسرائیل اور امریکہ مخالف نعرے درج تھے۔ مقررین نے کہا کہ امریکی صدر گزشتہ روز ہونے والی جنرل اسمبلی میں ووٹنگ کو اپنے منہ پر طمانچہ سمجھتے ہوئے بیت المقدس مخالف دیا گیا بیان واپس لے۔ گوجرہ میں امریکہ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ تسلیم کرنے کیخلاف امریکی صدر ٹرمپ کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ سیالکوٹ میں بھی شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور امریکہ اور اسرائیل کیخلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین میں طالب علم، بلدیاتی اداروں کے نمائندگان بھی شامل تھے جنہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ وزیر آباد میں تحریک لبیک یا رسول اللہ، جماعت اہلسنت اور انجمن طلبہ اسلام کے زیراہتمام بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت بنائے جانے اور فلسطین میں جاری مظالم کیخلاف مثمن برج تا چوک شیخ القرآن تحفظ بیت المقدس ریلی نکالی گئی۔ شرکاء ریلی نے امریکہ اور اسرائیل کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔