لاہور(وقائع نگار خصوصی)چیف جسٹسں لاہور ہائی کورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ مشکلات سے گھرے افراد ہی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاتے ہیں۔اس عدالتی اہلکار پر خدا کی لعنت ہو گی جو عدالت میں آنے والے سائل سے پیسے لیتا ہو۔فاضل چیف جسٹس نے عدالتی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی ملازمین کی تنخواہیں تمام اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہوں سے زیادہ ہونے کی بناء پر ان سے توقعات بھی زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ میں خواتین اور خصوصی افراد کاکوٹہ بڑھایا جائے گا۔ جلد ہی لاہور ہائیکورٹ میں خواتین ملازمین کے لئے ڈے کئیر سینٹر بنا دیا جائے گا۔ عدالتوں میں صنفی امتیاز ختم کیا جائے گا۔ ہر ملازم میرا فیورٹ ہے۔ یہ ادارہ میری جاگیر نہیں عوامی خدمت سے ہی سکون ملتا ہے۔ عدالت عالیہ کو کرپشن فری دیکھنا چاہتا ہوں۔ عدالتی ملازمین کی بیرون ملک تربیت کا اہتمام کیا گیا جسے مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔