اسلام انقلاب کا سورج طلوع ہو رہا ہے‘ لٹیروں سے پائی پائی وصول کی جائے گی: سراج الحق

لاہور + قلعہ دیدار سنگھ (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم انصاف نہ ملنے کی دہائیاں دیتے ہوئے عدالتوں کے خلاف تحریک چلا رہے ہیں ، میں پوچھتا ہوں کہ تین عشروں سے حکومت میں ہونے کے باوجود عدالتوں میں انصاف ، ہسپتالوں میں علاج ، تعلیمی اداروں میں تعلیم اور روزگار نہ ہونے کا ذمہ دار کون ہے ۔ پیپلز پارٹی ناکام ہوئی، مسلم لیگ ن کا دور ختم ہوچکا، اب ملک میں شاندار اسلامی انقلاب کا سورج طلوع ہوگا۔ قوم کے ستر سال ضائع کرنے والے ہی مجرم ہیں۔ پوری قوم ان مجرموں کو پہچانتی ہے۔ ان کا ٹھکانہ اڈیالہ جیل ہے اور اب وہ وقت دور نہیں جب تمام لٹیروں سے لوٹی گئی دولت کی ایک ایک پائی وصول کی جائے گی۔ میری لڑائی ملک کے سیاسی پنڈتوں اور برہمنوں سے نہیں، یہ تو عالمی اسٹیبلشمنٹ کے غلام ہیں۔ میری لڑائی اسلام کار استہ روکنے کے لیے ڈالر تقسیم کرنے والے ان کے سرپرستوں سے ہے۔ اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو عوام کندھوں پر بٹھائیں گے۔ حکمران رہنے والی سیاسی پارٹیوں کی ناکامی کے بعد دانہ چگنے والے پرندے اڑ اڑ کر نئی جگہ تلاش کر رہے ہیں۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کرے گی۔ منصورہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے غلہ منڈی قلعہ دیدار سنگھ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد اور سیکرٹری جنرل پنجاب اور پی پی 97 کے گروپ لیڈر بلال قدر ت بٹ نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ خود غرض سیاستدانوں نے عوام کا بدترین استحصال کیاہے ۔ میں جب ان سے کہتاہوں کہ آئو مل کر غربت ،جہالت ، بے روزگاری اور بدامنی جیسے مسائل سے لڑیں تو کہتے ہیںکہ یہ مسائل ختم نہیں ہوسکتے ۔ انہوںنے کہاکہ حکمرانوں نے قومی دولت لوٹ کر اپنی تجوریاں بھریں ۔ عوام کو پینے کا صاف پانی میسر ہے نہ تعلیم اور علاج کی سہولتیں مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں لاکھوں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار ہیں ان کے مستقبل کو تاریک کرنے والوں کے اپنے بچے بیرون ملک پڑھ رہے ہیں۔ ان کا علاج باہر ہوتا ہے اور کاروبار اور پیسہ بیرون ملک پڑا ہوا ہے۔ یہ صرف عوام پر حکمرانی کرنے آتے ہیں اور دو چار سال لوٹ کھسوٹ کے بعد پھر باہر بھاگ جاتے ہیں۔ یہ کھاتے پاکستان کا ہیں اور گیت امریکہ کے گاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی کی ہتھکڑیاں پہنانے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ علاوہ ازیں سراج الحق، لیاقت بلوچ، حافظ محمد ادریس ، راشد نسیم ، میاں محمد اسلم، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، اسد اللہ بھٹو اور پروفیسر محمد ابراہیم نے خیبر پی کے کے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کی سو سیٹوں، خاص طورپر اپر دیر اور لوئر دیر کے تمام حلقوں میں بھاری اکثریت سے کامیابی پر خیبر پی کے کی جماعت اور تمام کارکنوں کو مبارکباد دی ہے اور کہاہے کہ ضمنی الیکشن میں جماعت اسلامی کی فتح عوام کے جماعت اسلامی کے نمائندوں پر مکمل اعتماد کا ثبوت ہے۔ انہوںنے کارکنوں کی محنت اور مثالی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیاکہ 2018ء کے قومی انتخابات میں بھی خیبر پی کے جماعت اسلامی اپنی کامیابیوں کے تسلسل کو جاری رکھے گی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...