لاہور، لاڑکانہ (نوائے وقت رپورٹ + خبر نگار) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو یاد دہانی کا خط لکھ دیا۔ خورشید شاہ نے خط میں حیدرآباد‘ سکھر موٹروے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے کہا ہے کہ پہلے بھی آپ کو لکھ چکا ہوں کہ یہ پاکستان کا مہنگا ترین منصوبہ ہے اپنے پہلے خط میں متبادل پلان بھی پیش کرچکا ہوں، متبادل پلان میں منصوبہ 50سے 60 ارب میں مکمل کیا جاسکتا ہے۔ متبادل پلان سے قومی خزانے کو تقریباً 200 ارب روپے کی بچت ہوسکتی ہے افسوس آپ کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا۔ منصوبے کی اہمیت نے یاد دہانی کا خط لکھنے پر مجبور کیا ہے۔ دوبارہ یاد دہانی کا خط لکھا تاکہ ملکی خزانہ بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا پی پی آئندہ انتخابات کیلئے تیار ہے مائنس فارمولے کی حمایت کرتے تو عمران خان بھی مائنس ہو جاتے، سیاسی پارٹیوں کے اندر مائنس فارمولے کو نہیں مانتے۔ بلاول بھٹو زرداری کے جلسوں نے مخالفین کی نیندیں اڑادی ہیں۔ پی پی انتخابی عمل کی حمایت کرتی ہے۔ پی پی جمہوری طریقے سے انتخابات میں حصہ لے گی۔ خورشید احمد شاہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کے حق میں قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے دنیا میں امن کیلئے نیک شگون قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا نے فلسطین کے حق میں ووٹ دے کر ثابت کیا کہ اقوام عالم کا ضمیر ابھی زندہ ہے اور اسے نہ تو دولت سے خریدا جا سکتا ہے اور نہ ہی طاقت سے ڈرایا جا سکتا ہے۔