بے گناہ افراد کی شہادت پر زبردست مظاہرے‘ جھڑپوں میں متعدد زخمی‘ یاسین ملک گرفتار

Dec 23, 2017

سرینگر (این این آئی+ وقت نیوز) شہادت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں بے گناہ افراد کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے متعدد زخمی ہو گئے۔ حریت رہنما یاسین ملک کو گرفتار کر لیا گیا۔کٹھ پتلی انتظامیہ نے لوگوں کواحتجاجی مظاہرے کرنے سے روکنے کیلئے سرینگر میں سخت پابندیاں عائد کردیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہروں کی کال علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک پرمشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی۔ پابندیاں رعناواری، نوہٹہ، خانیار، مہاراج گنج، صفاکدل، مائسمہ اور کرالہ کھڈ پولیس سٹیشنوں کی حدود میں آنے والے علاقوں میں عائد کی گئیں۔ ادھر بھارتی پولیس نے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کرلیا۔ انہیں سرینگر سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے میر واعظ عمرفاروق کو بھی گھر میں نظربند کردیا ہے جبکہ علی گیلانی پہلے ہی 2010ء سے مسلسل گھر میںنظربند ہیں۔ انتظامیہ نے بارہمولہ قصبے اور جموں کے بانہال قصبے کے درمیان ٹرین سروس بھی معطل کر دی ہے۔ علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک پر مشتمل حریت قیادت نے مقبوضہ علاقے کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے وادی میں ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم کررکھا ہے اور وہ کشمیری نوجوانوں، بچوں اور یہاں تک کہ خواتین کو ایک منصوبہ بند طریقے سے قتل کررہی ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی وہ بیگناہ کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لیں۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میںبیگناہ شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بنانے، گھروں اور املاک کو نذر آتش کرنے یہاں تک کہ بے زبان جانوروں تک کو زندہ جلادینے کے سفاکانہ عمل سے نام نہاد بھارتی جمہوریت کا بھیانک چہرہ اچھی طرح بے نقاب ہوچکا ہے۔ وزیراعلی محبوبہ مفتی کے برادرمفتی تصدق کی کابینہ میں ممکنہ شمولیت کے بیچ حج و اوقاف کے ریاستی وزیر مملکت سید فاروق اندرابی وزارتی کونسل سے مستعفی ہوگئے ہیں۔پیلٹ وکٹمز ایسوسی ایشن نے نہتے کشمیری عوام پر مہلک پیلٹ گن کے مسلسل بے دریغ استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی فورسز کشمیری نوجوانوں اور طلباء کے مستقبل کو تاریک کرنے کیلئے سے انہیں بینائی سے محروم کررہی ہیں۔

مزیدخبریں