عالمی تنظیم نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں پاکستان کی شمولیت کے مخالف نہیں: روس

Dec 23, 2017

اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) روس نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ایٹمی سائنس و ٹیکنالوجی کے حامل ملکوں کی عالمی تنظیم ’’ نیوکلئیر سپلائرز گروپ‘‘ میں پاکستان کی شمولیت کی مخالفت نہیں کرے گا۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق اس گروپ کی رکنیت کے حصول کی کوششوں کے ضمن میں شروع کی گئی سفارت کاری کے دوران ماسکو نے پاکستان کو یہ مثبت پیغام دیا ہے۔ مذکورہ گروپ میں شمولیت کیلئے پاکستان اور بھارت دونوں کوشوں ہیں۔ بھارت کو امریکہ کی بھرپور سرپرستی حاصل ہے بلکہ، بھارت کیلئے امریکہ خود لابی کرتا رہے جب کہ پاکستان کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے۔نیوکلئیر سپلائرز گروپ، دنیا کے ترقی یافتہ چوالیس ملکوں کا گروپ ہے جس میں شمولیت، رکن ملکوں کے مکمل اتفاق رائے سے ہوتی ہے۔ کسی ایک ملک کی مخالفت بھی رکنیت کو روک سکتی ہے۔ چین ایسا ملک ہے جس نے کھل کر بھارت کی مخالفت کی ہے۔پاکستان نے گزشتہ دو برس سے نیوکلئیر سپلائرز گروپ کی رکنیت کے حصول کیلئے سفارتی کوششوں شروع کر رکھی ہیں ۔ماسکو کی طرف سے پاکستان کی مخالفت نہ کرنے کا پیغام ، تکنیکی اعتبارسے پاکستان کو گروپ کا رکن بنوانے کی کوشش ہے کیونکہ گروپ کی رکنیت کیلئے حمائت یا مخالف کے درمیان کوئی راستہ نہیں۔ مخالف نہ کرنے کا صاف مطلب حمایت کرنا ہے۔

مزیدخبریں