اسلام آباد، کراچی، روہڑی( نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی + آن لائن)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے روہڑی میں ہولو گرام ٹیکنالوجی کے ذریعے خطاب میں کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو آئین کی پاسداری، روزگار دینے کیلئے وطن واپس آئیں۔ محترمہ جمہوریت کی نوید بن کر وطن آئی تھیں۔ آمروں کو محترمہ کی جمہوریت کیلئے جدوجہد پسند نہیں آئی۔ ہم ان قوتوں کا پیچھا کر رہے ہیں جنہوں نے محترمہ کو شہید کیا۔ بے نظیر بھٹو 30 سال تک جمہوریت کا دفاع کرتی رہیں۔ بی بی نے آخری دم تک دہشتگردوں، آمروں کو بہادری اور للکارا۔ میں بینظیر بھٹو کی جدوجہد جاری رکھوں گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے شہید بینظیر بھٹو جانثاران کے بلاول ہائوس کے سکیورٹی چیف کے خلاف احتجاج کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے لئے 4 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔ کمیٹی میں سندھ کے نائب صدر راشد حسین ربانی، کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی اور جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری شامل ہیں۔ کمیٹی جانثاران بینظیر بھٹو کے ایشوز اور سیکورٹی چیف پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کرے گی۔ کمیٹی اپنی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ بلاول بھٹو زرداری کو دے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے اگلے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کرتے ہوئے پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس 26دسمبر کو طلب کر لیا ہے، اجلاس سندھ کے ضلع نوڈیرو میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی سربراہی میں ہوگا، اجلاس میں پارٹی کی منشور کمیٹی کا جائزہ لیکر اگلے عام انتخابات کیلئے حکمت عملی بنائی جائے گی جبکہ 27دسمبر کو بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کی تقریب سے بھی بلائول بھٹو اور آصف علی زرداری خطاب کریں گے ۔