لاہور ( خبر نگار) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ تیسری قوت نے واضح کردیا کہ اقتدار ان کا مقصد نہیں، (ن) لیگ بلیم گیم چھوڑ دے، شہبازشریف بضد ہیں تو عدلیہ اور نیب حدیبیہ کیس کھول دیں، پہلے مریم نواز اور اب میاں شہبازشریف کو وزیراعظم بنانے کے شوشے حکمران جماعت کی حکمت عملی کا حصہ ہیں، محمود اچکزئی قوم پرست اور نوازشریف پنجاب کی سیاست کرتے ہیں اس لئے دونوں کے نظریات ملتے ہیں، طاہر القادری کے جوتے سیدھے کرنیوالے، انہیں کندھے پر بٹھاکر غار حرا میں لیجانے والے آج ان کیخلاف ہیں، سانحہ ماڈل ٹائون کے 14قتل اور 80زخمیوں کو انصاف ملنا چاہئے، یہ ریاستی دہشت گردی اور حکمران وقت اس میں ملوث تھے۔ یہ باتیں انہوںنے جمعیت علماء پاکستان نیازی کے سربراہ پیر معصوم نقوی کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہیں۔ قمر زمان کائرہ نے کہاکہ جے یو پی نیازی نے ملکی حالات کی بہتری کیلئے پیپلز پارٹی کیساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پہلے وزیراعظم مریم نواز کے نعرے لگوائے گئے اب میاں شہبازشریف کے نعرے لگوائے جارہے ہیں۔ پیر معصوم نقوی نے کہاکہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے قادیانیوںکو اقلیت قرار دیا لیکن موجودہ حکمران غیر ملکی طاقتوںکو قادیانیوںکے معاملے پر خوش کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ وہ ان کا اقتدار بچائیں۔