کراچی(آن لائن) پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا اس سلسلے میں چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات بھی کی اس موقع پر سکیورٹی ٹیم بھی چیرمین پی سی بی کے ہمراہ تھی۔ملاقات میں آئی جی پی، سیکریٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری سہیل راجپوت، ایڈیشنل آئی جی کراچی، کمشنر کراچی، ڈی جی رینجرز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر پی ایس ایل فائنل کے لئے سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سٹیڈیم کی مرمت کے جاری کام میں سیکیورٹی تجاویز کے لئے ایس ایس پی سکیورٹی کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس اور ڈپٹی ڈی جی کو فل ڈریس سکیورٹی ریہرسل کرنے اور کھلاڑیوں کے لئے بکتر بند بسیں خریدنے کا بھی حکم دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ فل ڈریس ریہرسل کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ میچز کے لیے اعتماد پیدا کرے گا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عالمی کرکٹ کو واپس کراچی میں لانا چاہتا ہوں اور ہر لحاظ سے اس ایونٹ کو تاریخی بناؤں گا جبکہ کراچی کے عوام پی ایس ایل میچز اور فائنل دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔خیال رہے کہ پی ایس ایل کے تین میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے جن میں سے دو میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم اور فائنل میچ 25 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔
پی ایس ایل فائنل: سندھ حکومت کا کھلاڑیوں کے لئے بکتر بند بسیں خردینے کا فیصلہ‘ نجم سیٹھی مراد علی شاہ ملاقات
Dec 23, 2017