لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کرپٹ حکمرانوں نے اپنا نام اٹھارویں اور انیسویں ترمیم رکھ لیا۔ زرداری صاحب نے اپنا نام اٹھارویں اور بلاول کا نام انیسویں ترمیم رکھ لیا ہے۔ پہلے آل شریف اور مسٹر ٹین پرسنٹ سے مسٹر سنٹ پرسنٹ بننے والے زرداری آپس میں تیتر اور بٹیر کی طرح لڑتے تھے اور اب بے لاگ اور بے باک احتساب کا سامنا کرنا پڑ رہا تو بانہوں میں بانہیں ڈال لی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے آج ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم یا تو مذہب میں انتہا پسند ہیں یا لبرل ازم میں شدت کے قائل ہیں۔ میں تھیٹر کو فحاشی اور عریانی سے پاک کرنا چاہتا ہوں تو اس پر نام نہاد لبرلز تنقید کرنا شروع کر دیتے ہیں، بسنت منانے کا اعلان کریں تو بھی مسلہ نہ کریں تو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ سیرت نبی پر چل کر کسی ایٹمی طاقت سے ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ اسلام غلامی کیلئے نہیں آیا تھا بلکہ دنیا پر غالب آنے کیلئے نہیں آیا تھا۔مسلمان کسی ڈونلڈ ٹرمپ یا اوبامہ کی غلامی کیلئے نہیں آئے ہیں۔کلاشنکوف لے کر چلنے والے بھی موت کے شکنجے سے بچ نہیں سکے۔ اگر من حیث آل قوم اس عقیدے پر کامل ایمان رکھیں کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے تو ہمیں کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ آج پنجاب حکومت کی سو روزہ کارکردگی وزیر اعظم عمران خان اور پوری قوم کے سامنے پیش کر کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سابقہ نام نہاد خادم اعلی کی زبان بندی کردی ہے۔
فیاض چوہان