گلگت (آئی این پی) قراقرم، ہندوکش اور ہمالیہ کے گلیشیئرز پگھلنے کا عمل تیز ہوگیا۔ جس کے باعث گلگت بلتستان کے نشیبی علاقوں کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے ہنزہ میں ششپر گلیشیئر کے تیزی کیساتھ سرکنے اور پگھلنے کی رپورٹ جاری کردی ہے۔ جس کے مطابق ہنزہ حسن آباد کے گلیشیئر کے سرکنے اور پگھلنے سے بننے والی جھیل کے پھٹنے سے زیر تعمیر2 پن بجلی گھروں، شاہراہ قراقرم پر تعمیر پل، حسن آباد نالہ کیساتھ ملحقہ رہائشی علاقوں اور ایف ڈبلیو او کے کیمپ کو بھی سنگین خطرات لاحق ہیں۔ ہفتے کو ماہرین پر مشتمل ٹیم نے تفصیلی رپورٹ تیار کی جو5 صفحات پر مشتمل ہے۔ گلگت بلتستان میں موجود5 ہزار سے زائد چھوٹے بڑے گلیشیئرز درجہ حرارت بڑھنے کے باعث تیزی کیساتھ پگھل رہے ہیں جبکہ پہاڑیوں سے آنیوالی گلیشیئرز مختلف مقامات پر دریا میں آکر ملی ہیں جس کے باعث جھیلیں بن گئی ہیں جو کسی بھی وقت بے قابو ہوکر آبادی کا رخ کرسکتی ہیں۔
قراقرم، ہندوکش اور ہمالیہ کے گلیشیئرز پگھلنے کا عمل تیز، 2 پن بجلی گھروں، ایف ڈبلیو او کے کیمپ کو سنگین خطرات لاحق
Dec 23, 2018