سرگودھا یونیورسٹی کے سی ای او میاں جاوید کی ہتھکڑیوں میں موت کے معاملےمیں فرائض میں غفلت برتنے پر3 اہلکارمعطل کردیے گئے۔ایس پی ہیڈ کوارٹرز سید کرار حسین نے میاں جاوید کی ہتھکڑیوں میں موت کے معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرلی ہے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق سید کرار حسین نے انکوائری رپورٹ پیش کردی،جس کے بعد فرائض میں غفلت برتنے پر اے ایس آئی عبدالقیوم، ہیڈ کانسٹیبل محمد اعظم اور کانسٹیبل عمران معطل کردیا گیا ۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
نیب نے سرگودھا یونیورسٹی کے افسر میاں جاوید کو یونیورسٹی کے غیر قانونی کیمپسز کھولنے کے الزام میں رواں برس اکتوبر میں گرفتار کیا تھا۔ کیمپ جیل لاہور میں طبیعت خراب ہونے پر انہیں سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دم توڑ گئے تھے۔ شدید خراب حالت اور وفات کے بعد بھی میاں جاوید کے ہاتھوں سے ہتھکڑیاں تک نہیں کھولی گئیں تھیں اور لاش کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔