ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ایک قابض، ظالم اور دہشت گرد ریاست کا سربراہ قرار دیدیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ترک اور اسرائیل کے درمیان لفظی گولہ باری کا آغاز ترک صدر کے ایک بیان پر اسرائیلی وزیراعظم کی ٹویٹ سے ہوا، نیتن یاہو نے قبرص میں کردوں کے خلاف آپریشن کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے اردگان حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ٹویٹ پر ترک صدر طیب اردگان کے ترجمان ابراہیم کیلن نے طنزاً لکھا کہ کرپشن الزامات کا سامنا کرنے والے اسرائیلی وزیراعظم کردوں کی ہمدردی سمیٹنے کی کوشش میں اپنے اندرونی مسائل سے جان نہیں چھڑا پائیں گے۔ترک صدر کے ترجمان نے مزید لکھا کہ نیتن یاہو کو ترک صدر کے سچ بولنے پر اعتراض کرنے کے بجائے فلسطین پر اپنے قبضے اور فلسطینی شہریوں پر بہیمانہ تشدد اور نسل کشی کے عمل کو ختم کرنا چاہیئے۔