دختر مشرق جرات‘ تدبر اور عزم کی بے نظیر مثال تھیں: مسرت نیازی

Dec 23, 2019

کراچی(نیوز رپورٹر) دختر مشرق شہید رانی بے نظیر بھٹو ایک ذہین برجستہ گو‘ پرکشش‘ باصلاحیت‘ حوصلہ مند‘ زیرک و بہادر‘ طلسماتی شخصیت کی مالک ایک ماڈرن مسلم خاتون قائد کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی وہ جرات‘ تدبر اور عزم و فراست کی بے نظیر مثال تھیں ایشیا کی آئرن لیڈی نے عوام کے سروں پر نہیں بلکہ دلوں پر حکومت کی اور اسی وجہ سے آج بھی عوام کے قلوب پر ان کا راج جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی سیکرٹری اطلاعات ماہر تعلیم مسرت خان نیازی نے پیپلز سوشل ویلفیئر آ رگنائزیشن اور ینگ کلچرل ویلفیئر سوسائٹی کے اشتراک سے نجی یونیورسٹی آڈیٹوریم میں شہید بے نظیر بھٹو کے 12 ویں یوم شہادت کے حوالے سے بین الکلیاتی و جامعاتی مقابلہ تقاریر بعنوان محترمہ بے نظیر بھٹو شہید خدمات و قربانیاں کی تقریب تقسیم انعامات و اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب کی صدارت انور جمال انصاری نے کی۔ صدر نشین انور جمال انصاری نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے دہشت گردی کے سامنے جھکنے سے انکار کرکے جو روایت قائم کی آج اس پر پوری قوم متفق ہے۔ منصفین کرام کے متفقہ فیصلے کے مطابق تابانیز کالج کی طالبہ ایرج سحر گورنمنٹ پی ای سی ایچ ایس گرلز کالج کی اقصیٰ زیب‘ آئیڈیل ڈگری کالج گلشن اقبال کی عائشہ کنول اورKasbit یونیورسٹی کے حامد علی نے بالترتیب اول‘ دوم سوم اور خصوصی انعامات حاصل کئے۔ آخر میں مہمانان گرامی نے کامیاب شرکاء میں انعامات و اسناد پیش کیں۔ایرج سحر کو شہید رانی ٹرافی پیش کی گئی۔

مزیدخبریں