کراچی(اے پی پی) بلدیہ عظمیٰ کراچی کی گشتی ٹیم نے ڈسٹرکٹ ویسٹ میں اچانک چھاپہ مار کر غیر قانونی ذبحہ کیا گیا 11 سو کلو گرام گوشت ضبط کر لیا۔ بلدیہ عظمی کراچی کی ٹیم نے اتوار کی صبح اورنگی، بنارس اور پاکستان بازار میں اچانک چھاپہ مارا جہاں قصاب جانوروں کو ذبحہ کر کے گوشت فروخت کر رہے تھے جبکہ قانون کے مطابق کوئی بھی فرد کسی جانور کو ذبحہ کر کے گوشت فروخت نہیں کر سکتا۔ تمام جانوروں کو بلدیہ کے ذبحہ خانے میں ڈاکٹر کے معائنہ کے بعد ہی ذبح کیا جا سکتا ہے۔ بلدیہ عظمی کراچی کی ٹیم نے ضبط شدہ گوشت میں سے 320 کلو گوشت کراچی چڑیا گھر جبکہ 800 کلو گوشت عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے حوالے کر دیا۔ واضح رہے کہ میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر سینئر ڈائریکٹر ویٹنری جمیل فاروقی نے شہر میں غیر قانونی ذبیحہ کی روک تھام کے لئے مختلف گشتی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو شہر کے مختلف علاقوں میں اچانک چھاپے مار کر گوشت کا معائنہ کر رہی ہیں جہاں بھی غیر قانونی ذبحہ کیا گیا گوشت ملے گا اس کو ضبط کر لیا جائے گا۔جمیل فاروقی نے قصائیوں سے کہا کہ وہ غیر قانونی ذبیحہ نہ کریں بصورت دیگر گوشت ضبط ہونے سے ان کا نقصان ہو گا جس کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔