لاہور، تاندلیانوالہ، کراچی (خصوصی نامہ نگار، نامہ نگار، نیٹ نیوز) سابق آرمی چیف و صدر پرویز مشرف اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیوں اور مظاہروں کا سلسلہ چھٹی کے روز بھی جاری رہا۔ لاہور میں تنظیم مشائخ عظام پاکستان اور لاثانی ویلفیئر فائونڈیشن کے زیراہتمام ریلیاں نکالی گئیں جبکہ آل پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ کے زیراہتمام پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔ جن کے دوران افواج پاکستان سے بھی اظہار یکجہتی کیلئے بھرپور نعرے بازی کی گئی۔ تاندلیانوالہ میں پی ٹی آئی رہنما کی قیادت، جڑانوالہ میں رکن قومی اسمبلی نواب شیر وسیر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ کراچی میں پرویز مشرف سے اظہار یکجہتی کیلئے ایم کیو ایم کا جلسہ، پی ایس پی، اے پی ایم ایل کی بھی شرکت۔ لاہورسے خصوصی نامہ نگار کے مطابق تنظیم مشائخ عظام پاکستان اور لاثانی ویلفیئرفاؤنڈیشن کے زیر اہتمام افواج پاکستان اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف سے اظہار یکجہتی کیلئے الحمراء ہال مال روڈ سے لاہور پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں علماء و مشائخ عظام سمیت مختلف مکاتب فکر کے افراد سمیت لاثانی ویلفیئرفاؤنڈیشن کے کمیونٹی ورکرز اور مردو خواتین کی کثیر تعداد شریک تھی۔ ریلی کی قیادت تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی رہنما اور پاکستان مسلم الائنس کے صوبائی صدر صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی نے کی۔ ان کے ساتھ تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے ضلعی کوارڈینٹرز پیر سید احمد ندیم شاہ، پیر محمد راشد نقشبندی، پیر سید عدنان اکرم، پیر محمد جنید نقشبندی، پیر محمد رمضان نقشبندی، پیر صباح محمود، پیر محمد الیاس قادری، پیر حاجی افتخار نقشبندی، پیرڈاکٹر محمد ارشد نقشبندی اور کالم نگار مرزارضوان سمیت دیگر علماء و مشائخ عظام بھی موجود تھے۔ ریلی میں شریک سینکڑوں مردوخواتین شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر افواج پاکستان، آئی ایس آئی اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف سے اظہاریکجہتی کے نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء الحمراء ہال مال روڈ لاہور سے نعرے لگاتے ہوئے لاہور پریس کلب پہنچے۔ جہاں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ شبیر احمد صدیقی نے کہا کہ افواج پاکستان وطن عزیز کی محافظ ہیں۔ پرویز مشرف ہرگز غداری کے مرتکب نہیں ہوسکتے۔ تاندلیانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر شمالی پنجاب یاسر خان بلوچ کی قیادت میں ان کے ڈیرے سے ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا ان کے ہمراہ ڈاکٹر توقیر احمد، عبداللہ عنبڑ، شہباز کسانہ ، شہزاد پاشا، راناعمران اور سٹی قیادت کے علاوہ بھاری تعداد میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر یاسر خان بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہتین جنگیں لڑنے والا غدار نہیں ہو سکتا۔ پرویز مشرف کے خلاف فیصلہ سپریم کورٹ نظر ثانی کرے۔ شرکاء نے پاک فوج اور پرویز مشرف کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے یاد رہے۔آئی این پی کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پرویز مشرف کے خلاف فیصلے سے قوم کی توہین کی گئی، ملک کو طاقت کے ذریعے نہیں انصاف سے جوڑا جا سکتا ہے۔ کراچی کے علاقے لیاقت آباد فلائی اوور پر پرویز مشرف کے حق میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک عدالت نے آئین وقانون اور شریعت سے ماورا فیصلہ دیا، فیصلے میں ایسی زبان استعمال کی گئی جو سترسالوں میں نہیں ہوئی۔ ہمیں ڈر ہے کہ کہیں عدالتوں سے اعتماد ختم نہ ہوجائے۔ پرویز مشرف نے 40تک ملک کی خدمت کرکے ہم پر احسان کیا ،وہ 1999میں اپنی خوشی سے اقتدار میں نہیں آئے تھے، ہم اتنے احسان فراموش نہیں، اس ملک میں میڈیا کو ایک آمر نے آزاد کیا تھا، ہم وہ پاکستان چاہتے ہیں جہاں سچ بولنے پر غدار نہ ٹھہرایا جائے۔ نیٹ نیوز کے مطابق خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم انصاف دینے والی عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ عدالتی فیصلے میں ایک ایسے شخص کو سزا سنائی گئی جس نے اپنے آباؤ اجداد کے ملک کی حفاظت کی۔ اکتوبر 1999 میں اقتدار میں آنا مشرف کا فیصلہ نہیں تھا بلکہ انہیں مجبور کیا گیا، ادارے نے اپنے سربراہ اور دیگر لوگوں کی جانیں بچانے کے لیے فیصلہ کیا۔ اکتوبر 1999 کا فیصلہ کسی ایک فرد کا نہیں ایک ادارے کا فیصلہ تھا، آرٹیکل6 جب لگا ہے تو اس میں معاون اور مددگار کیسے چھوڑ دیا۔اس موقع پرسینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان عامر خان کا کہنا تھا کہ ہماری ریلی عدلیہ کے خلاف نہیں ہے، ایم کیو ایم نے ہمیشہ صاف شفاف اور غیر جانبدار عدلیہ کو تسلیم کیا ہے۔ جلسے سے میئر کراچی وسیم اختر اور فیصل سبزواری نے بھی خطاب کیا، جلسے میں ا?ل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل)، پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) اور کراچی تاجر اتحاد کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔