لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور کے بعض علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر لاہو رڈویژن، ڈپٹی کمشنر اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ شہر میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے اورسڑکوں پر کوڑا کرکٹ اٹھانے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں، مجھے شہر صاف ستھرا چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صفائی کے انتظامات کے حوالے سے غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ شہر کے بعض مقامات پر صفائی کے ناقص انتظامات دیکھ کر بہت افسوس ہوا ہے۔ متعلقہ محکموں اور اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ صفائی کو یقینی بنائیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ شریف کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی-وزیراعلیٰ نے کارڈیک یونٹ کا بھی دورہ کیا- وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف وارڈز اور شعبے دیکھے۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے توسیعی منصوبے کا بھی جائزہ لیا- وزیراعلیٰ نے زیر علاج مریض کی جانب سے طبی ٹیسٹ باہر سے کرانے کی شکایت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مریضوں کو ادویات اور مفت ٹیسٹ کی سہولت ہر قیمت پر ہسپتال میں فراہم کی جائے۔ آئندہ کسی مریض کو شکایت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں مریضوں اوران کے لواحقین سے بات چیت کی۔ وزیراعلیٰ نے توسیعی منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔مریضوں نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سائیں پہلے دل کے علاج کیلئے باہر جانا پڑتا تھا،اب تونسہ میں آپ کی مہربانی سے علاج کروارہے ہیں ۔جہاں پہلے دوائی نہیں ملتی تھی ،اللہ کے فضل وکرم سے وہاں اب دل کے مریضوں کا بھی علاج ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مریضوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتالوں میں معیاری علاج تک عام آدمی کی رسائی ہمارا مشن ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تونسہ شریف میںپناہ گاہ کی زیرتعمیر عمارت کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ نیکی کاکام ہے او راس میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پناہ گاہ پراجیکٹ کا دائرہ کار پورے پنجاب تک بڑھایا جا رہا ہے اوربے گھر افراد کو شدید سردی میں کھلے آسمان تلے نہیں سونا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ میں ذاتی طور پر پناہ گاہوں کے تعمیر کے منصوبے کی نگرانی کر رہا ہوں۔