سرگودھا/ پتوکی (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) مختلف علاقوں میں گیس بحران منگل کے روز بھی بدستو ر جاری رہا۔ پتوکی میں شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ سرگودھا میں خواتین نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے بلوں کو بھی نذر آتش کیا ۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق سرگودھا شہر میں سوئی گیس بندش کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین خواتین نے بل نذر آتش کر کے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا شہر کے متعدد علاقوں میں گرمیوں سے سوئی گیس بندش کے باعث صارفین مشکلات کا شکار ہیں اور کئی بار کے احتجاج کے باوجود صورتحال برقرار ہے۔ مظاہرین کو الٹی میٹم دیا کہ فل الفور بحالی کو یقینی بنایا جائے وگرنہ دفتر کا گھیرائو کرنے پر مجبور ہونگے۔پتوکی سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پتوکی شہر اور گردونواح میںسوئی گیس کے شدید بحران سے شہری شدید ذہنی کوفت میں مبتلا ہوگئے۔ دوسری طرف شہر کے بااثر افراد نے محکمہ سوئی گیس عملہ کی ملی بھگت سے گھروں میں غیر قانونی طور پر کمپریسر لگا رکھے ہیں جس سے غریب صارفین کا استحصال ہو رہا ہے۔ جبکہ ڈیلرز لوڈشیڈنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فی کلو گیس پانچ سے چھ سو روپے مہنگی فروخت کررہے ہیں۔ جبکہ ان دکانوں میں کسی بھی ایمرجنسی سے نبٹنے کے لئے کوئی سہولت موجود نہ ہے۔