لاہور+اسلام آباد(نیوز رپورٹر+خصوصی نمائندہ) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ر) نے سابق چیئرمین واپڈا /ممبر دیا مر بھاشا اورمہمند ڈیمز عمل درآمد کمیٹی (ICDBMD) اور مایہ ناز واٹر سیکٹر ماہر شمس الملک سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران واٹر سیکورٹی اور زیر عمل پانی کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ واپڈا ملک کی بڑھتی ہوئی پانی اور بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے متعدد منصوبوں پر عملدرآمد کر رہا ہے، جن میں دیا مر بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ قابلِ ذکر ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دنیا بھر میں Covid-19 کے چیلنج کے باوجود دیا مر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیمز پر تعمیراتی کام تسلی بخش ہے۔سابق چیئرمین واپڈا شمس الملک نے ملک کو درپیش پانی اور بجلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے واپڈا کی جانب سے کیئے جانے والے مثر اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے واپڈا منصوبوں خصوصا دیا مر بھاشا اور مہمند ڈیمز پر جاری کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان کے لئے ایک اعزاز سے کم نہیں کہ واپڈا ایک بار پھر قوم کی خدمت کے حوالے سے ایک متحرک ادارے کے طور پر موجود ہے۔
چیئرمین واپڈا کی ممبر دیا مر بھاشا اورمہمند ڈیمز عمل درآمد کمیٹی شمس الملک سے ملاقات
Dec 23, 2020