واشنگٹن (شِنہوا) امریکی ایوان نمائندگان نے نوول کرونا وائرس میں مدد کیلئے 900ارب ڈالرز کا امدادی پیکیج منظور کرلیا اور بل سینٹ کو بھیج دیا ہے جہاں سے اس کی منظوری کی توقع ہے۔ کافی عرصے سے تاخیر کے شکار امدادی پیکیج کی زیریں چیمبر نے منظوری دی جس میں 30ستمبر2021 ء کو ختم ہونے والے باقی ماندہ مالی سال کیلئے 14کھرب ڈالرز کے حکومتی فنڈ شامل ہیں۔ ڈیموکریٹک اور ریپبلکن قانون سازوں نے امدادی پیکیج کے حجم اور وسعت پر مہینوں تعطل کے بعد اتوار کو نوول کرونا وائرس کی امداد سے متعلق ایک معاہدے پر پہنچنے کے بعد یہ ووٹ دیا ہے۔900ارب ڈالرزکے امدادی منصوبہ میں انفرادی طور پر براہ راست ادائیگیوں کا ایک اور مرحلہ، بے روزگاری میں وفاقی فوائد اور چھوٹے کاروباروں کی مدد کیلئے پے چیک کے تحفظ پروگرام میں مزید فنڈنگ شامل ہے۔