کیپٹن صفدر کی سکیورٹی فراہم کرنے سے متعلق انٹراکورٹ اپیل سماعت کیلئے منظور 

Dec 23, 2020

اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق اور جسٹس غلام اعظم قمبرانی پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے لیگی رہنماء کیپٹن صفدر کی طرف سے دائرسیکیورٹی فراہم کرنے سے متعلق انٹراکورٹ اپیل سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے جواب کیلئے فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل جہانگیر جدون عدالت پیش ہوئیاورکہاکہ کیپٹن صفدر نے سیکریٹری داخلہ کو سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے درخواست دی تھی،کپٹن صفدر سکوارڈ پروٹوکول نہیں مانگ رہے وہ سیکیورٹی مانگ رہے ہیں، جسٹس عامرفاروق نے کہاکہ آپ اسکو پروٹوکول کہتے ہیں لیکن وہ پروٹوکول نہیں سیکیورٹی ہوتی ہے،وکیل نے کہاکہ ریاست کا کام ہے تھریٹ کو دور کرے نہ کہ تھریٹ دے،سیکرٹری داخلہ کیپٹن صفدر کی درخواست منظور کرے یا مسترد، فیصلہ تو کر دے،جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ آپ کی درخواست پر تو انہوں نے فیصلہ نہیں کرنا، وہ کیوں فیصلہ کرینگے،وکیل جہانگیر جدون نے کہاکہ اسی لئے تو اس عدالت کے سامنے پیش ہوئے ہیں،وزیر داخلہ نے بیان دیا کہ 20 فیصد اپوزیشن لیڈروں کو تھریٹ ہے، جسٹس عامرفاروق نے کہاکہ ہوسکتا ہے اس میں آپ کا نام شامل ہی نہ ہو، بیرسٹر جہانگیر جدون نے کہاکہ وہ تو یہاں آئیں گے اور بتائیں گے کہ کس کا نام شامل ہے، ریاست کا کام ہے کہ وہ شہریوں کو سیکیورٹی دے، ہم پروٹوکول نہیں مانگ رہے صرف سیکورٹی مانگ ریے ہیں،عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں