عثمان بزدار نے مہنگائی کیخلاف کمر کس لی، فضل الرحمان کا چہرہ بے نقاب ہو چکا: فردوس عاشق 

Dec 23, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) معاونِ خصوصی وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعلی عثمان بزدار نے مہنگائی کے خلاف کمر کس لی ہے۔ ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی کے سدباب کیلئے پنجاب میں انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈیننس 2020ء کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ جس کے تحت رواں ماہ 193,087 مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ 276 ایف آئی آرز درج ہوئیں جبکہ 286 گرانفروشوں کو گرفتار کرتے ہوئے، 23,641,250 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ گرانفروش اور ذخیرہ اندوز قانون اور سماج دونوں کے دشمن ہیں۔ فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا  کہ پنجاب میں گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کرونا کے باعث50مریض جاں بحق ہوئے اورکورونا کے593نئے کیس سامنے آئے- پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد 132,526 تک پہنچ گئی ہے جبکہ لاہور میں مریضوں کی تعداد64972 ہوچکی ہے -پنجاب میں اب تک کورونا کے باعث 3,688 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں - ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کورونا کی دوسری لہر خطرناک ہے -اپوزیشن جماعتوں نے کرونا پھیلانے میں اپنا پوراحصہ ڈالا۔ پی ڈی ایم کا ٹولہ عقل سے عاری اور درد دل سے خالی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان کا اصل چہرہ قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔ جعلی راجکماری اور سندھ کے شہزادے کا وقتی گٹھ جوڑ جلد منطقی انجام کو پہنچنے والا ہے۔ ابن الوقت عناصر سیاسی طور پر یتیم ہو چکے ہیں۔ این آر او کے متلاشی ان عناصر کو فیس سیونگ نہیں ملے گی۔ سیاست کو ذاتی تجوریاں بھرنے کے لئے استعمال کرنے والوں کا احتساب ہوکر رہے گا اور وزیراعظم عمران خان ملک لوٹنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔

مزیدخبریں