گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)ایف آئی اے ٹیم کا بھاری نفری کے ہمراہ مسلم لیگ(ن)کے ایم پی اے عمران خالد بٹ،سٹی صدر سلمان خالد پومی بٹ کی رہائش گاہ پرچھاپہ،مبینہ طور پر زبردستی دروازے توڑ کرگھر میں گھس کر شدید توڑ پھوڑ کے علاوہ بچوں پر تشدد، خواتین کو بھی ہراساں کیا۔ ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے سلمان خالد پومی بٹ اور ان کے بھائیوں عثمان خالد بٹ اور کامران خالد بٹ کے خلاف سوئی گیس کے سابق ملازم اور ان کے فرنٹ مین محمد عارف کی مدد سے گیس چوری اور اربوں روپے کے ناجائز اثاثے بنانے کا مقدمہ درج ہے، ملزم محمد عارف مختلف ادوار میں کمرشل و رہائشی جائیدادیں اور انڈسٹریز خرید کر عثمان خالد بٹ اور کامران خالد بٹ کے نام ٹرانسفر کراتا رہا ہے۔ ایف آئی اے نے ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے ریڈ کیا لیکن مطلوبہ ملزمان گھر میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے گرفتار نہیں ہوسکے۔دوسری طرف لیگی ایم پی اے عمران خالد بٹ کا کہنا ہے ایف آئی اے ٹیم نے زبردستی گھر میں گھس کر چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا گھریلو ملازمین کو تھپڑ مارے گئے۔ایف آئی اے اہلکاروں نے گھر کے تمام شیشے اور دروازے توڑ ڈالے اور بغیر اجازت خواتین کے کمروں میں گھس گئے۔ جب میرے بیٹوں نے انہیں ایسا کرنے سے روکا تو بچوں پر بھی شدید تشدد کیاگیا جبکہ خواتین اہلکاران گھر میں موجود خواتین کی تلاشی لیتی رہیں۔
ایف آئی اے کا عمران خالد ، سلمان خالدکے گھر چھاپہ ،مبینہ توڑ پھوڑ ،بچوں پر تشدد
Dec 23, 2020