لاہور/ کراچی (نیٹ نیوز+ این این آئی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کہتے ہیں کہ کرونا بند کمرے میں پھیلتا ہے جبکہ 27 دسمبر کو پیپلز پارٹی کا جلسہ کھلی جگہ ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی برسی کا اجتماع کھلے علاقے میں ہوگا۔ تمام اراکین نے اپنے استعفے قیادت کے سپرد کر دیئے ہیں۔ اب قیادت پر ہے اسے جیسے استعمال کریں۔ سندھ میں گیس کی قلت کے حولے سے انہوں نے کہا کہ سندھ کی گیس سوئی ناردرن کو دینے کی مذمت کرتے ہیں۔ گیس بندش پر وفاق سے سخت احتجاج کرینگے۔ کراچی سے این این آئی کے مطابق وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت اور اپنی کابینہ کو بتاکر نجی دورے پر چند روز کے لئے بیرون ملک گیا تھا لیکن اس کے باوجود قیاس آرائیاں شروع کردی گئیں۔ منگل کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ پارٹی قیادت کے فیصلے کے تحت مجھ سمیت سب نے استعفے جمع کروا دئیے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ لانگ مارچ کا فیصلہ پی ڈی ایم اور پارٹی قیادت کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت سے بیک ڈور بات چیت کا مجھے علم نہیں ہے۔