اسلام آباد+کوئٹہ (سٹاف رپورٹر+بیورو رپورٹ) آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے آواران کے علاقہ گوارگو میں انٹیلی جنس بنیادوں پر دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کر کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ جبکہ ہتھیاروں اور بارود کی بھاری مقدار بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد 20 دسمبر کو سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے واقعہ میں بھی ملوث تھے جس میں لانس نائیک اقبال شہید ہو گئے تھے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ جونہی سکیورٹی فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لیا تو دہشت گردوں نے شدید فائرنگ شروع کر دی۔ اس موقع پر ہونے والی جھڑپ کے دوران تمام دس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانے پر گزشتہ روز لانس نائیک اقبال کو شہید کرنے والے مطلوب دہشت گرد موجود تھے۔ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور آلات مواصلات بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سکیورٹی فورسز کے اہل کاروں نے آواران کے جٹ بازار میں دہشت گردوں و سہولت کاروں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔ اس دوران سکیورٹی فورسز و دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں لانس نائیک محمد اقبال شہید ہوگئے تھے۔