لاہور(نیوزرپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور عوام کی دعاؤں سے میری طبیعت بہتر ہے۔ کرونا کے باعث خود کو آئسولیٹ کیا ہے تاہم صوبے کے ضروری سرکاری امور گھر پر رہ کر سرانجام دے رہا ہوں۔ عوام سے دعاؤں کی درخواست ہے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ کرونا وباء کے دوران احتیاط کریں۔ انسداد کرونا ایس او پیز پر عمل کرنا شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنائے گا۔ حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہی کرونا وائرس سے نمٹنے کا موثر ذریعہ ہے۔ عوام ہجوم والی جگہ پر جانے سے گریز کریں۔ عثمان بزدارنے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ شہید خاتون کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہاکہ بھارت شہری آبادی کو نشانہ بنا کر عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ شہری آبادی کو نشانہ بنانا بھارتی فوج کا انتہائی بزدلانہ اور قابل مذمت فعل ہے۔ دنیا کرونا وباء سے نمٹ رہی ہے اور مودی سرکار نہتے شہریوں پر گولیاں برسا رہی ہے۔ بھارت کا جارحیت پسند رویہ خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے۔ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ پاک فوج بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ قوم بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بزدل دشمن کو ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا ہے۔
اللہ تعالیٰ کے کرم، عوام کی دعائوں سے طبیعت بہتر، ضروری سرکاری امور گھر رہ کر انجام دے رہا ہوں : عثمان بزدار
Dec 23, 2020