کراچی(اسٹاف رپورٹر) ملک کے ممتاز صحافی اور پاکستان فیڈرل یونین جرنلسٹس کے سابق صدر عبدالحمید چھاپرا طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے ۔ ان کے انتقال کو ملک بھر کی صحافی برادری کے لیے ایک عظیم نقصان قرار دیا ہے۔ مرحوم کی نماز جنازہ بدھ کی شام 4 مسجد بلال صحافی کالونی ابوالحسن اصفہائی روڈ پر ادا کی جائے گی۔ عبدالحمید چھاپرا پاکستان کی صحافتی تاریخ کا روشن باب تھے انہوں نے ملک میں آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کی جدوجہد میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور ایسی ہر تحریک کے ہر اول دستے کے سالار رہے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے دو مرتبہ صدر ، پانچ مرتبہ کراچی پریس کلب کے صدراور آل پاکستان نیونز پیپرز ایمپلائز کنفیڈریشن (ایپنک) کے چیئرمین کے طور پرخدمات انجام دیں۔عبدالحمید چھاپرا نے ملک میں صحافیوں کے حالات کار کو بہتر بنانے کیلئے جاری جدوجہد میں بھی بھرپور کردار ادا کیا۔ ان کے دور میں کراچی پریس کلب ملک میں آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کرتا رہا عبدالحمید چھاپرا تین کتابوں کے بھی مصنف تھے ۔ نوائے وقت کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر امین یوسف ، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ،کراچی یونین آف جرنلسٹس ، کونسل آف نیوز پیپرز ایڈیٹرزنے ان کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سمیت کراچی اور ملک بھر کے صحافیوں سے اظہار تعزیت کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے اور انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سینئر صحافی عبدالحمید چھاپرا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار،وزیراعلی سندھ نے مرحوم کی صحافتی خدمات کا سراہا اور مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔