لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے گذشتہ روز الحمراء میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابقہ حکومت اور ہماری حکومت کی ترجیحات میں واضح فرق ہے۔ ن لیگ کی ترجیح سیاست تھی، معیشت نہیں۔ وگرنہ وہ زرمبادلہ کے ذخائر بیدردی سے نہ نکالتے۔ ان کے دور میں برآمدات بھی ختم ہو کر رہ گئی تھیں۔ برآمدات ہی نہ ہوں تو ترسیلات کہاں سے آئیں گی؟۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم آئی ایم ایف کے چنگل سے نکلنے کے قابل ہو رہے ہیں۔ اب ہماری توجہ برآمدات بڑھانے پر ہے۔ حسان خاور نے مزید کہا کہ ن لیگ کی ترجیح اقتدار ہے، عوام نہیں۔ وہ مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے نہیں ہونا چاہتے۔ ہم نے گورننس کا ماڈل تبدیل کیا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت ترقیاتی کاموں پر سنجیدگی سے توجہ دے رہی ہے۔ حسان خاور نے کہا کہ خیبر پختونخوا الیکشن میں شکست کی ذمہ داری قبول کر کے عمران خان نے مثالی لیڈر شپ کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ ویژن دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی اعتبار سے لاہور کی قسمت بدل رہی ہے۔ دریں اثناء ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے انصاف سٹوڈنٹ لیڈرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرامن طلباء سیاست میں آئی ایس ایف ایک کامیابی کی داستان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں دور اندیش قیادت کا فقدان رہا۔ تحریک انصاف کا ویژن تبدیلی، احتساب اور کرپشن کا خاتمہ ہے۔ پنجاب کا بلدیاتی نظام ملکی تاریخ کا سب سے مضبوط اور مثالی بلدیاتی نظام ہوگا۔ یہ نظام عمران خان کا پنجاب کی عوام کو تحفہ ہے۔