کابل+ ٹوکیو +اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ اے پی پی+ آئی این پی) چینی ریڈ کراس سوسائٹی کی جانب سے 10 ملین یوآن مالیت کا امدادی سامان افغان ہلال احمر سوسائٹی کے حوالے کیا، افغان ہلال احمر سوسائٹی کے لیے امدادی سامان کی حوالگی کی تقریب کابل میں افغان ہلال احمر سوسائٹی کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی جبکہ جاپان نے افغانستان کے لئے 100 ملین ڈالر مالیت کی اشیائے ضروریہ پر مشتمل امداد کا اعلان کیا ہے۔ ادھر حکومت جاپان افغانستان کے پناہ گزینوں اور پاکستان میں میزبان کمیونٹیز کے لیے 3.72 ملین امریکی ڈالر کی اضافی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چینی ریڈیو کے مطابق افغانستان میں چین کے سفیر وانگ یو نے چینی ریڈ کراس کی جانب سے امدادی سامان افغان ہلال احمر سوسائٹی کے حوالے کیا۔ ادھر جاپانی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق صحت، پانی اور حفظانِ صحت کی اشیا پر مشتمل 100 ڈالر مالیت کا امدادی سامان افغانستان بھیجا جائے گا۔ علاوہ ازیں امداد پاکستان کو ملک میں ممکنہ پناہ گزینوں کی آمد کے لیے تیاری کرنے اور افغان مہاجرین اور میزبان کمیونٹیز کے درمیان طویل سماجی و اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد دے گی۔ امداد ڈبلیو ایف پی، یونیسیف اور یو این ایچ سی آر کے ذریعے فراہم کی جائے گی ۔