بے روزگاری کا خاتمہ کیا جائے

مکرمی! اسوقت ملک بھر کے لاکھوں نوجوان ہر سال تعلیمی مدارج طے کر رہے ہیں۔ ان میں سے اکثریت وسائل کی کمی کی وجہ سے میٹرک اور ایف اے پاس کرنے کے بعد مزید تعلیم حاصل نہیں کر سکتے اور ملازمت کے حصول کے لیے مختلف محکموں میں درخواستیں دیتے ہیں چونکہ حکومت نے تین سال کے عرصہ میں کسی بھی محکمہ میں بھرتی خاطر خواہ طور پر نہیں کی جس کی وجہ سے پڑھے لکھے نوجوانوں کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ ہو گیا ہے اور بے روزگار تعلیم یافتہ ہنر مند اعلیٰ ڈگری ہولڈرز پریشان ہو کر گھروں میں بیٹھ گئے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے تمام وفاقی محکموں وزارتوں ڈویژنوں کو گزشتہ سال حکم دیا تھاکہ ایک لاکھ تیس ہزار خالی آسامیوں پر چار ماہ کے اندر بھرتی کی جائے لیکن آج تک ذرا بھر بھی اس حکم پر عملدرآمد نہیں ہوا یہی صورتحال پنجاب کی ہے تمام محکموں میں ہزاروں آسامیاں خالی پڑی ہیں لیکن گزشتہ اڑھائی تین سال کے دوران بھرتی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے بے روزگاری میں بے حد اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں ہزاروں بچے فنی تعلیم حاصل کر چکے ہیں اور بے روزگار ہیں ان فنی تعلیم کے ڈگری ہولڈرز کو قطر ، یو اے ای سعودی عرب اور دیگر ممالک میںویزے دئیے جائیں تاکہ ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ ہو اور پڑھے لکھے نوجوان با روزگار ہو کر اپنا مستقبل سنوار سکیں۔ وزیراعظم عمران خان وفاقی حکومت اور عام صوبائی حکومتوں کو حکم صادر کریں کہ وہ فوری طور پر خالی آسامیوں پر بھرتی کی کارروائی کر کے بے روزگار پڑھے لکھے اور ہنر مند نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقعے فراہم کریں۔ اس اقدام سے عوام میں اضطراب اور بے چینی ختم ہو گی اور خوشحالی آئیگی اور اس اقدام سے مہنگائی ختم ہو گی امید ہے وزیر اعظم اس اہم مسئلہ کا فوری حل نکالیں گے اور حکم جاری کریں گے۔ (عثمان مشتاق لاہور) 

ای پیپر دی نیشن