لاہور (کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے سا لانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت محکمہ صنعت و تجارت کی ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ میںمنعقد ہو نے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ہے جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت محکمہ صنعت و تجارت کی سکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ منظور شدہ نئی سکیموں کے ورک آرڈرز جلد جاری کئے جائیں اورترقیاتی فنڈز کے 100فی صد استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر نے خبردار کیا کہ ترقیاتی فنڈز کے استعمال میں ناکام رہنے والے اداروں کے سربراہان کی محکمے میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صنعت و تجارت اور اس کے ذیلی اداروں میں بھرتیوں اور ترقیوں کا عمل جلد نمٹایا جائے۔محکمہ کے انتظامی امور کی فائلوں کی نقل وحمل میں رکاوٹ بننے والوں کا محاسبہ ہوگا۔ سٹیزن پورٹل پر انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ منظور شدہ نئے ایکسپو سینٹرزکے قیام کا پلان جلد پیش کیا جائے اور ماڈل بازاروں کے توسیعی پروگرام پر کام کی رفتار کو بھی مزید تیز کی جائے۔مقررہ اہداف کے حصول میں ناکامی پر ذمہ داروں کو جواب دینا ہوگا۔