صنعتی ترقی ، برآمدات بحالی اولین ترجیح ہے:مخدوم ہاشم جواں بخت

Dec 23, 2021

لاہور(کامرس رپورٹر)وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 7 ویں اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے 18سے زائد سفارشات پیش کی گئیں جن میں سے بیشتر منظور کر لی گئیں۔کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا اجلاس گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال، مشیر وزیر اعلیٰ برائے اقتصادی امور ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹری نے شرکت کی۔اس سے قبل وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے اپنے کیمپ آفس پنجاب ریونیو اتھارٹی میں ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے وفد سے بھی ملاقات کی۔ صوبائی وزیر نے ایسوسی ایشن ممبران کو یقین دلایا کہ ملز کو گیس کی فراہمی کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ معاملات کو جلد منظقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ صنعتی ترقی اور برآمدات کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔ سردی کے موسم گیس کی طلب میں اضافے کے ساتھ سپلائی میں کمی کی شکایات کے پیش نظر گھریلو صارفین کو فوقیت دی جا رہی ہے۔تاہم صنعتوں کو گیس کی سپلائی کے معاملہ میں پنجاب کے ساتھ امتیازی سلوک پر احتجاج ہمارا حق ہے۔ وفاق سے سپلائی میں بہتری کے ساتھ یکساں ریٹ پر گیس کی فراہمی پر معاملات کو متعلقہ پلیٹ فارم پر زیر بحث لایا جائے گا۔ 

مزیدخبریں