اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ اے پی پی‘ نوائے وقت رپورٹ) قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) نے حیدرآباد سکھر موٹر وے کی تعمیر کے لیے نظرثانی شدہ منصوبے اور لئی ایکسپریس وے اور فلڈ چینل، راولپنڈی منصوبہ کے لئے زمین کے حصول کے ضمن میں 24,960.70 ملین روپے کی منظوری دیدی ہے۔ اجلاس میں قومی اہمیت کے حامل دیگر منصوبوں کی منظوری بھی دی گئی۔ قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی ایکنک کا اجلاس بدھ کو یہاں وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات شوکت ترین کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود، وزیر آبپاشی پنجاب اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلٹ آپریٹ ٹرانسفر (بی او ٹی) کی بنیاد پر حیدر آباد سکھر موٹر وے کی تعمیر کے لیے نظرثانی شدہ منصوبے پر غور کیا گیا اور اس کی منظوری دی گئی، منصوبہ پر 191471.074 ملین روپے کی لاگت آئیگی۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اس منصوبے پر عمل درآمد کرے گا، منصوبہ کے تحت حیدرآباد اور سکھر کے درمیان 306 کلومیٹر طویل چھ لین پر مشتمل موٹروے کی تعمیر عمل میں لائی جائیگی۔ اجلاس میں لئی ایکسپریس وے اور فلڈ چینل، راولپنڈی منصوبہ کے لیے زمین کے حصول کیلئے 24,960.70 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں راولپنڈی رنگ روڈ آر تھری بھانتھ (این فائیو) تا ٹلیاں (ایم ٹو) مین کیرج وے منصوبہ کی منظوری بھی دی گئی، اس منصوبہ پر23606.21 ملین روپے کی لاگت آئیگی، 38.3 کلومیٹر طویل چھ لین پر مشتمل رنگ روڈ کا منصوبہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی مکمل کرے گی۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کیلئے نظرثانی شدہ سدرن پنجاب تخفیف غربت پراجیکٹ (سپاپ) کی منظوری دی گئی، اس منصوبہ پر 25.243 ارب روپے کی لاگت آئیگی۔ پنجاب کے 10 اضلاع کیلئے اس منصوبہ کی معاونت انٹرنیشنل فنڈ فار ایگریکلچر ڈویلپمنٹ، حکومت پنجاب فراہم کرے گی۔ اجلاس میں تفصیلی گفت وشنید کے بعد منصوبے کے تکنیکی پہلو، سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کی رپورٹ میں صوبہ سندھ کی سفارشات کو شامل کرنے اور تمام متعلقہ اداروں کے تحفظات کو دور کرنے کے بعد اگلی میٹنگ تک گریٹر تھل کینال پراجیکٹ (فیز-II) کو مؤخر کر دیا گیا۔
ایکنک اجلاس