لاہور(سٹی رپورٹر) پنجاب حکومت نے بھرتیوں سے قبل محکموں میں ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ کیڈرز بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں تمام ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کو جلد از جلد شفارشات بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایات چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران جاری کیں۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور تمام محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ بھرتیوں کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھرتیاں صرف اور صرف میرٹ پر کی جائیں، کسی کی حق تلفی نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ افرادی قوت کی کمی پورا کرنے سے محکموں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ تمام سیکرٹریزکیڈرز بنانے سے متعلق سفارشات جلد از جلد بھجوائیں اورڈویژنل اور ڈسٹرکٹ کیڈرز بناتے وقت فیڈنگ کیڈرز کو خصوصی طور پر مد نظر رکھا جائے۔ ا یڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کی سفارشات کے مطابق سروس رولز میں ترمیم کی جائے گی۔
بھرتیوں سے قبل محکموں میں ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ کیڈرز بنانے کا فیصلہ
Dec 23, 2021