سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فوج نے جنوبی اور شمالی کشمیر میں5 افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔ ضلع پلوامہ کے سانبورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے زبیر گل ، عادل فیاض گنائی اورباسط علی او رکونی بل پانپور کے شاہد نبی پنڈت کو گرفتارکیاہے۔ پولیس نے دعوی کیا ہے کہ گرفتارنوجوان مجاہدین کے لئے کام کرتے تھے اور ان کے خلاف پولیس اسٹیشن پامپور میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ ا دھر ایک نوجوان فیصل احمد ڈار ولد مشتاق احمد کو بارہ مولا سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ مقبوضہ کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں10جنوری 2018 میں آٹھ سالہ مسلمان بچی آصفہ بانو کی اجتماعی عصمت دری اور قتل میں ملوث ہندوپولیس افسر آنند دتہ کی سزا پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے معطل کر دی ہے اور اسے رہا کر نے کا حکم دے دیا ہے ۔ یاد رہے کٹھوعہ ضلع میں ہندو انتہا پسندوں نے جنوری 2018 میں آٹھ سالہ مسلمان بچی آصفہ بانو کو اغوا کر کے ایک مندر میں لے جا کر اجتماعی عصمت دری کے بعد قتل کر دیا تھا۔