پاک ،سعودیہ تعلقات روایات اور باہمی احترام پر مبنی ہیں:اسد قیصر

اسلام آباد(نا مہ نگار)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدے، ثقافت، روایات اور باہمی احترام و خیر سگالی پر مبنی ہیں۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت خادمین حرمین شریفین اور سعودی قیادت سے آحترام اور محبت کا رشتہ رکھتے ہیں۔  انہوں نے دو برادر ممالک کے درمیان سماجی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون میں فروع کے ذریعے دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوے سعودی عرب کی شوری کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الشیخ کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔ اسپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ خطے میں قیام امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔  افغانستان میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران کا ذکر کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ یہ عالمی برادری کی فوری توجہ کا متقاضی ہے۔افعان عوام کی موجودہ حالت کا زکر کرتے ھوے اسپیکر نے کہا کہ انہیں غذائی اجناس، ادویات، کپڑوں اور ایندھن کی شدید قلت کا سامنا ہے۔   ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے میں سعودی عرب کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پر پرامن، مستحکم اور خودمختار افغانستان کا خواہاں ہے اور سعودی عرب کی حمایت افغانستان کو اس بحران سے نکالنے میں مدد دے گی۔  انہوں نے افغانستان میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران کو روکنے کے لیے سعودی عرب کے متحرک کردار اور گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی)کے خصوصی اجلاس میں افغانستان کی فراخدلانہ امداد کے اعلان کو بھی سراہا۔  اسد قیصر نے کہا کہ علاقائی امن خطہ کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔  انہوں نے اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم کی پارلیمانی یونین کے تحت افعانستان اور کشمیر پر کانفرینس کے انعقاد کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے سعودی عرب کی اقتصادی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو سراہا۔

ای پیپر دی نیشن