ضلع کورنگی و صنعتی علاقے میں کچرا اٹھانے کا آغاز کردیا، مرتضیٰ وہاب

کراچی ( کامرس رپورٹر) سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز (کاٹی) کے مابین  کورنگی انڈسٹریل ایریا سے کچرا اٹھانے، اور صفائی ستھرائی کے امور انجام دینے کے لئے مفاہمتی یاداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے۔ اس موقع پر کاٹی کی قائم مقام صدر ماہین سلمان،ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈزبیر احمدچنہ، سی ای او کائیٹ لمیٹڈ زبیر چھایا،  گلزار فیروز، سلیم الزمان، مسعود نقی، نائب صدر فرخ قندھاری، ایس ایس ڈبلیوایم بی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرطارق نظامانی، سیکریٹری بورڈ شہباز طاہرو دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے اقدامات خوش آئند ہیں صفائی ستھرائی کے معاملات بالترتیب بہتری کی طرف گامزن ہیں اور آج کاٹی کے ساتھ ایم او یو سائن ہونا بھی اسی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد پورے کراچی میں صفائی کا انتظام سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سنبھالے گا جس کے لئے بہت تیزی سے اقدامات کئے جا رہے ہیں انہوں نے ایم ڈی زبیر چنہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انکی کاوشوں اور حکمت عملی کے باعث اسی ہفتے ضلع کورنگی میں ہر گھر سے کچرا اٹھانے کے کام کاآغاز کیا جا رہا ہے۔کاٹی کی قائم مقام صدر ماہین سلمان نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے اقدامات قابل تحسین ہیں انہوں نے کہا کہ شہر کو صاف رکھنے اور آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی ہم سب کی ذمہ داری ہے، جبکہ اس اقدام سے انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی، صنعتی  علاقے کی خوبصورتی اور صفائی کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ادارے سے بھرپور تعاون کریں گے۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ایم ڈی زبیر چنہ نے تفصیلات بتاتے  ہوئے کہا کہ صنعتی علاقوں سے میونسپل کچرا اور صنعتی فضلہ اٹھانے کے لئے لائحہ عمل مرتب دینابہت ضروری عمل ہے اس سلسلے میں بہترین حکمت عملی کے تحت اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں، جس کے تحت ایس ایس ڈبلیو ایم بی کی آؤٹ سورس کمپنی کچرا اٹھانے سمیت مینول سوئپینگ، مکینیکل سوئپنگ،مکینیکل واشنگ اور ڈسٹ بن کی فراہمی یقینی بنائیں گے جبکہ اس سلسلے میں کورنگی صنعتی علاقے کا ہر یونٹ اپنے سائز کے مطابق مناسب  معاوضہ اداکرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈیٹا بیس کی تیاری کے لئے  انڈسٹریز ویب پورٹل بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن