لاہور(آئی این پی)لاہورقلندرز اور انگلش کائونٹی کرکٹ کلب یارکشائر کے درمیان شراکت داری کا معاہدہ طے پاگیا۔لاہور قلندرز اور یارکشائر کائونٹی کے درمیان انٹر نیشنل کھلاڑیوں کا تبادلہ ہوگا، یارکشائر کائونٹی کے نوجوان کھلاڑی اسکالر شپ کے تحت لاہور میں قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر استعمال کریں گے جبکہ لاہور قلندرز کے کرکٹرز بھی یارکشائر میں ٹریننگ کر سکیں گے۔نئی پارٹنر شپ کے تحت لاہور قلندرز کے فاسٹ بولرز یارکشائر کانٹی کے اوورسیز پلیئرز ہوں گے۔لاہور قلندرز اور یارکشائر کانٹی کے درمیان دوستانہ میچ 16 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رف یارکشائر کاونٹی کے اورسیز پلیئر ہوں گے۔اس حوالے سے عبوری منیجنگ ڈائریکٹر یارکشائر کرکٹ ڈیرن گف کا کہنا تھا کہ باصلاحیت فاسٹ بولر حارث رف کو اپنے کلب میں خوش آمدید کہنے پر خوشی ہو رہی ہے ، شراکت داری کے معاہدے سے ایک دوسرے تک رسائی کا موقع ملے گا۔سی ای او لاہور قلندرز ثمین رانا کا کہنا تھاکہ اس پروگرام سے دونوں کلبز کی کامیابی پر مثبت اثر پڑے گا جبکہ ڈائریکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ لاہور قلندرز دنیا بھر کے کلبز کے ساتھ اسی طرح کام جاری رکھے گی۔