کراچی(آئی این پی) پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کے دل میں (آج)جمعرات کو دوسرا اسٹنٹ ڈالا جائے گا۔ذرائع کے مطابق دوسرا اسٹنٹ عابد علی کی انجیو پلاسٹی کے بعد ڈالا جائے گا۔اسپتال ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈاکٹرز نے عابد علی کو دو ماہ کے لیے مکمل آرام کی ہدایت کی ہے، دو ماہ بعد عابد علی معمول کی کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کا کیریئر بچانے کے لئے اہم فیصلہ کیا ہے۔پی سی بی نے عابد علی کیلئے غیر ملکی اسپورٹس کارڈیولوجسٹ سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے،عابد علی کے کیرئیر کو بچانے کیلئے ان کی رپورٹس اسپورٹس کارڈیولوجسٹ کو بھجوائی جائیں گی۔عابد علی کو گذشتہ روز کراچی میں قائد اعظم ٹرافی کا میچ کھیلنے کے دوران دل کا دورہ پڑا تھا، جس پر انہیں فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔جہاں ٹیسٹ کرکٹر کی انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کی گئی ہے، جس سے معلوم ہوا کہ ان کی دو وینز بلاک تھیں، ڈاکٹرز نے مختلف ٹیسٹس کے بعد پہلے سیشن میں انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کی ہے، اور ایک بلاک وین کو کھول دیا ۔