ہالینڈ کے ادارے ”تحفظ برائے جوہری و تابکار مواد “نے متعدد ایسے زیورات کی خرید و فروخت پر پابندی لگادی ہے جسے اینٹی 5 جی کہہ کر بیچا جارہا تھا
ہالینڈ میں لوگوں نے 5 جی موبائل انٹرنیٹ نیٹ ورک کے ممکنہ مضر اثرات سے بچاوکے لیے تابکار زیورات پہننا شروع کردیے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہالینڈ کے ادارے ’تحفظ برائے جوہری و تابکار مواد (اے این وی ایس)‘ نے متعدد ایسے زیورات کی خرید و فروخت پر پابندی لگادی ہے جسے اینٹی 5 جی کہہ کر بیچا جارہا تھا۔ادارے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک میں بریسلیٹ سے لے کر چہرے کے ماسک تک ’5 جی نیٹ ورک کے مضر اثرات سے بچاو¿ کی خاصیت کی حامل‘ بے شمار چیزیں انٹرنیٹ پر بیچی جارہی ہیں۔اے این وی ایس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہمارے پاس فی الحال ایسا کوئی بھی سائنسی ثبوت نہیں کہ 5 جی انٹر نیٹ انسانی صحت کے لئے مضر ہے، اور کوئی بھی چیز ایسی نہیں جو لوگوں کو 5 جی سے بچاسکے۔ اس کے باوجود لوگوں کی ایک بڑی تعداد ایسی اشیا کو خریدنے کے لیے اپنے پیسے ضائع کرنے کو تیار ہے۔ادارے نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ اینٹی 5 جی اسٹکس‘ سمیت کچھ چیزیں بذات خود تابکار مواد سے تیار کی گئیں ہیں۔ اس لئے ایسی چیزوں کے استعمال سے گریز کیا جائے جس سے آپ براہ راست صحت کے مسئلے سے دوچار ہوجائیں۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں یہ تاثر پایا جتا ہے کہ 5 جی کے انسانی جسم پر انتہائی مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں، بعض حلقے یہ افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ اس کے ذریعے کورونا جیسی وبائی بیماریاں پھیلائی جاسکتی ہیں۔