وزیراعلیٰ سے اراکین صوبائی اسمبلی کی ملاقاتیں، حلقوں کے مسائل کے حل، فلاح عامہ کے منصوبوں پر پیشرفت پر گفتگو

Dec 23, 2021 | 21:21

ویب ڈیسک

 وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں حلقوں کے مسائل کے حل اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں خواجہ داؤد سلیمانی،محمد لطیف نذر اور سردار محمد محی الدین خان کھوسہ شامل تھے۔  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے دروازے آپ سب کیلئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف متحد ہے۔کبھی کسی سے ناانصافی کی نہ کریں گے۔ انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں۔ ہم انصاف کی عملداری پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پر پوائنٹ سکورنگ کرنے کی کوشش کی۔ اپوزیشن کا 3 سالہ ریکارڈ ملکی مفادات سے متصادم رہا ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں نے منفی سیاست کے ذریعے قومی مفادات کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے دعوے زیادہ کیے اورکام کم۔سابق حکمرانوں نے نمائشی منصوبے شروع کرکے عوام کی ضروریات کو نظر انداز کیا۔ ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کی خدمت مشن اور اوڑھنا بچھونا ہے۔ ہماری حکومت نے 3 برس کے دوران عوامی فلاح کے بے شمار پراجیکٹس شروع کئے ہیں اور مختصر عرصے میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے.

مزیدخبریں