اسلام آباد(نا مہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے درمیان غربت، بے روزگاری، مہنگائی پر اتفاق، کرسی اور مفادات پر اختلاف ہے، تینوں کی نظر پنڈی کے گیٹ نمبر4سے نہیں ہٹ رہی۔ مجموعی سیاسی اور اقتصادی صورت حال بحران کا شکار، ڈار ڈالر لائے نہ کہیں شہباز سپیڈ نظر آئی۔ پنجاب کے تماشے نے پورے ملک کو تماشا بنا دیا، یہ واضح ہے کہ حکومت وزیراعلی کی ہو یا گورنر راج، عوام کے لیے کوئی ریلیف نہیں۔ ٹرائیکا کو حالات کی سنگینی کا اندازہ نہیں، تینوں نے مل کر ملک کو بند گلی میں دھکیل دیا۔ عوام میں حکمرانوں کے خلاف لاوا پک رہا ہے، وہ وقت قریب ہے جب مظلوموں کے ہاتھ ان کے گریبانوں میں ہوں گے۔ حقیقی احتساب اور شفاف الیکشن ہوا تو ملک پر مسلط حکمران اشرافیہ کا صفایا ہو جائے گا۔ وہ منصورہ میں مختلف وفود اور جامعہ منصورہ سندھ کے طلبہ سے ملاقات کر رہے تھے۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر بھی اس موقع پر موجود تھے۔امیر جماعت نے کہا کہ مرکز اور صوبوں میں قائم حکومتیں نااہل اور منحوس ہیں، ان کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، لوگوں کی قوت خرید ختم ہو گئی، اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں، ضروری ادویات غائب، فی کلو آٹا 130روپے کلو تک پہنچ گیا ہے، تاجرکنگال، کاشتکار پریشان اور پڑھے لکھے نوجوان مستقبل سے مایوس بیرون ملک جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حالات کی سنگینی کی وجہ سے ملک کا ہر پانچواں شہری ڈپریشن کا شکار ہے۔ دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں مندی اور شرح نمو نیچے جا رہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 6.7ارب ڈالر سے نیچے، ترسیلات زر اور برآمدات میں کمی اور مجموعی قومی قرضہ 62ہزار ارب تک پہنچ گیا ہے۔
سراج الحق