غربت‘ مہنگائی پر 3 پارٹیوں میں اتفاق‘ کرسی پر اختلاف ہے: سراج الحق


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے درمیان غربت، بے روزگاری، مہنگائی پر اتفاق، کرسی اور مفادات پر اختلاف ہے، تینوں کی نظر پنڈی کے گیٹ نمبر4سے نہیں ہٹ رہی۔ مجموعی سیاسی اور اقتصادی صورت حال بحران کا شکار، ڈار ڈالر لائے نہ کہیں شہباز سپیڈ نظر آئی۔ پنجاب کے تماشے نے پورے ملک کو تماشا بنا دیا، یہ واضح ہے کہ حکومت وزیراعلیٰ کی ہو یا گورنر راج، عوام کے لیے کوئی ریلیف نہیں۔ ٹرائیکا کو حالات کی سنگینی کا اندازہ نہیں، تینوں نے مل کر ملک کو بند گلی میں دھکیل دیا۔ عوام میں حکمرانوں کے خلاف لاوا پک رہا ہے، وہ وقت قریب ہے جب مظلوموں کے ہاتھ ان کے گریبانوں میں ہوں گے۔ حقیقی احتساب اور شفاف الیکشن ہوا تو ملک پر مسلط حکمران اشرافیہ کا صفایا ہو جائے گا۔ وہ منصورہ میں مختلف وفود اور جامعہ منصورہ سندھ کے طلبہ سے ملاقات کر رہے تھے۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ مرکز اور صوبوں میں قائم حکومتیں نااہل اور منحوس ہیں۔ اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں، ضروری ادویات غائب، فی کلو آٹا 130روپے کلو تک پہنچ گیا ہے، تاجرکنگال، کاشتکار پریشان اور پڑھے لکھے نوجوان مستقبل سے مایوس بیرون ملک جا رہے ہیں۔ ہر پانچواں شہری ڈپریشن کا شکار ہے۔ مجموعی قومی قرضہ 62ہزار ارب تک پہنچ گیا ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ سندھ کی صورت حال بدتر ہے، متاثرین سیلاب کو تاحال ریلیف نہیں ملا، کراچی اور اندرون سندھ لوگ مایوسی کا شکار ہیں۔ قوم کو ظلم اور ناانصافی کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہو گا، اسلامی نظام ہی تمام مسائل کا حل ہے اور جماعت اسلامی ہی ملک میں قرآن و سنت کے نظام کی علمبردار ہے، عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ اسی فرسودہ نظام کے ساتھ رہنا ہے یا اپنے اور آئندہ نسلوں کے لیے اسلامی فلاحی پاکستان چاہیے۔
سراج الحق

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...