لاہور (نامہ نگار) نئے تعینات ہونے والے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب محمد عامر ذوالفقار خان نے گزشتہ روز پنجاب پولیس کی کمان سنبھال لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب محمد عامر ذوالفقار خان کی سنٹرل پولیس آفس آمد پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ پنجاب پولیس کے سینئر افسران بشمول ایڈیشنل آئی جیز اور ڈی آئی جیز نے آئی جی پنجاب کو خوش آمدید کہا۔ سلامی تقریب کے بعد آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان نے باضابطہ طورپر اپنے عہدے کا چارج سنبھالا اور اپنے دفتر میں ایڈیشنل آئی جیز اور ڈی آئی جیز سے ملاقات کی۔ بعدازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین کی حکمرانی اور قانون کی پاسداری میری پالیسی کا بنیادی جزو ہے۔ ملک میں دہشت گردی کی حالیہ صورتحال کے پیش نظر پروایکٹو پالیسی کے تحت سماج دشمن عناصر کے قلع قمع میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ان کی بے لوث خدمت کو یقینی بنایا جائے گا۔ پولیس کا مورال بلند کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد پریس کانفرنس اور صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ میرے نزدیک پوسٹنگ کا معیار اچھی کارکردگی ہے۔ جو سپروائزری افسر اچھا کام کرے گا اسے بہترین پوسٹنگ ملے گی جبکہ نان پروفیشنلزم پر زیرو ٹالرینس کے تحت محکمانہ قانونی کارروائی میں تاخیر نہیں کی جائے گی۔ اضلاع اور ریجنز کے دورے باقاعدگی سے کروں گا تاکہ مسائل کو گراس روٹ لیول پر حل کیا جا سکے۔ آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کے فروغ اور عالمی سطح پر رائج جدید رجحانات کو اپنایا جائے گا۔ میڈیا اور پولیس کا گہرا تعلق ہے۔ پہلے جزا پھر سزا کی پالیسی کے تحت شفاف‘ غیر جانبدار احتساب میری پالیسی کا اہم حصہ ہے، جسے ہر سطح پر لاگوکر کے کالی بھیڑوں کو محکمے سے نکال باہر کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے اقدامات کئے جائیںگے۔ بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس شہدائے پولیس کی فیملیز کو ہرممکن سہولت اور ریلیف دینا میری اولین ترجیحات میں شامل ہو گا۔
آئی جی پنجاب
قانون کی پاسداری میری پالیسی کا بنیادی جزو‘ عامر ذوالفقار: پولیس کمان سنبھال لی
Dec 23, 2022