کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے لیاری میں بجلی اور گیس کی بندش کیخلاف سندھ کی حکمراں جماعت پیپلزپارٹی نے احتجاج کیا جس کے باعث آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شاہین کمپلیکس ، حقانی چوک، شاہین کمپلیکس و اطراف پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ احتجاج اور ٹریفک جام کی وجہ سے دفاتر سے گھر جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس پر وہ حکومت پر برس پڑے۔ ٹریفک جام میں پھنسے متاثرین کا کہنا ہے کہ 3گھنٹے سے زائد ہوگئے ٹریفک میں پھنسے ہوئے ہیں، کوئی پرسان حال نہیں۔ لیاری میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف سندھ کی حکمراں جماعت پیپلزپارٹی کی جانب سے شاہین کمپلیکس پر احتجاج سے متعلق کے الیکٹرک کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔ کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ لیاری پر بجلی کے واجبات 8ارب کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے ہیں، لیاری کے مختلف علاقوں میں عوام بل ادا نہیں کرتے، بجلی کی سپلائی بلوں کی بروقت ادائیگی کے بغیر ممکن نہیں۔ کے الیکٹرک نے لیاری کے علاقے میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی تردید کردی۔
لیاری احتجاج