ملتان، جہانیاں، ٹاٹے پور (سماجی رپورٹر، نمائندہ نوائے وقت، نامہ نگار) سوئی گیس، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، شہری سراپا احتجاج تفصیل کے مطابق ملتان اور جہانیاں گردونواح میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ گھریلو صارفین اور شہریوں کےلئے درد سر بن کر رہ گئی۔24 گھنٹوں میں سے صرف 6 گھنٹے سوئی گیس شہر کے بعض علاقوں میں ہوتی ہے جس کا پریشر نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔جس سے اتنے کم پریشر پر کھانا پکانا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔محکمہ سو ئی گیس کی بے حسی پر بھی شہری سراپا احتجاج ہیں محکمہ کی طرف سے لوڈ شیڈنگ کا شیڈول تک جاری نہیں کیا گیا۔جس سے شہری ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ بار بار احتجاج اور تحریری درخواستوں کے کوئی شنوائی نہ ہوئی۔ٹاٹے پورسے نا مہ نگارکے مطابق قریشی فیڈر سے ایک سے دوسرے دن بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے بجلی 6سے 8گھنٹے مسلسل نہیں ہوتی جس سے کاروبار متاثر ہو رہے ہیں ساتھ ہی آج کل گندم کی بجائی بھی ہورہی ہے پانی کی اشد ضرورت ہے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے کاشتہ فصل کی بجائی بھی متاثر ہے ذرائع کے مطابقمیپکو حکام آئے روز کام کے بہانے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کررہے ہیں شہریوں کاشتکاروں اور کاروباری لوگوں نے فوری بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
سوئی گیس